ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمٹہ : گاوں والوں کی بات نہ ماننے پر 12 خاندانوں کا سماجی بائیکاٹ

کمٹہ : گاوں والوں کی بات نہ ماننے پر 12 خاندانوں کا سماجی بائیکاٹ

Wed, 17 Mar 2021 12:18:53    S.O. News Service

کمٹہ ،17؍ مارچ (ایس او نیوز) کمٹہ تعلقہ کے اینّے مڈی گاوں میں ہلّیر ذات سے تعلق رکھنے والے 12 گھرانوں کو اس لئے سماجی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ انہوں نے گاوں کے دوسرے لوگوں کی بات نہیں مانی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ ہلّیر ذات کے یجمان اور دیگر افراد نے جنگل میں شکار کرکے جانور مار ڈالے تھے۔ اس معاملے میں کیس دائر ہوا تھا۔ اسی گاوں کی رہنے والی سیتا ہلّیر اور اس کے گھر والوں کی طرف سے درج کروائی شکایت کی بنیاد پر کیس داخل کیا گیاتھا۔ اس وجہ سے یجمان اور اس کے ساتھیوں نے سیتا کے گھر گھس کر حملہ کیا تھا۔  اس تعلق سے سیتا کے گھر والوں نے گوکرن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ معاملہ جب بہت زیادہ گرم ہونے لگا تو بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی نے مقامی پولیس افسران کے ساتھ مل کر ایک نشست بلائی اور مقامی لوگوں کو سمجھانے بجھانے کی کوشش کی ، مگر مسئلہ حل نہیں ہوا۔ یجمان اور دیگر لوگوں نے سیتا پر کیس واپس لینے کے لئے دباو بنانے لگے، مگر سیتا نے ان کی ہدایت پر عمل نہیں کیا تو اب سیتا ہلّیر اور اس کے رشتے داروں کے جملہ 12 خاندانوں سے سماجی بائیکاٹ کیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ بائیکاٹ کے تحت ان خاندان سے تعلق رکھنے والے کسی بھی فرد سے گاوں کے لوگ بات چیت نہیں کرتے۔ انہیں دکانوں سے روز مرہ کی اشیاء خریدنے کی اجازت نہیں ہے۔ اسکول اور کالج میں ان کے بچوں کے ساتھ دوسرے بچے بات چیت نہیں کرسکتے۔ قلی مزدوری کرکے پیٹ بھرنے والے ان لوگوں کو گاوں سے باہر کر دیا گیا ہے۔

سماجی بائیکاٹ کی وجہ سے متاثر ہونے والے خاندان کے افراد نے ریاستی گورنر، وزیر اعلیٰ، وزیرداخلہ، وزیر سماجی بہبود اور ضلع انچارج وزیر سےاس معاملے میں مداخلت کرنے اور انہیں انصاف دلانے کی اپیل کی ہے ۔


Share: